اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دے

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز  نے  تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ کی 57 گیندوں پر 98 رنز کی دھواں دھار اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 183 رنز کا ہدف دیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ  نے مطلوبہ ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر ایک گیند قبل حاصل کرلیا۔ 
 تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان  نے مسلسل دوسرے روز ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ 
بائیس کے مجموعی اسکور  پر آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے اوپنر کرس لِین پویلین واپس لوٹے تو آلراؤنڈر محمد حفیظ نے میدان میں  قدم رکھا۔ تجربہ کار بلے باز  نے کریز سنبھالتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلنا شروع کردئیے۔ محمد حفیظ  نے فخر زمان کے ہمراہ 67 رنز کی شراکت قائم کی۔ فخر زمان 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد محمد حفیظ  نے ایک اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ لاہور قلندرز کا کوئی دوسرا کوئی کھلاڑی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا، لہٰذا محمد حفیظ  نے زیادہ دیر اسٹرائیک اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا اور برق رفتار اننگز کھیلتے ہوئے 57 گیندوں پر 7 چوکوں اور 7 چھکوں کی بدولت 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز  نے مقررہ بیس اوورز  میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور فہیم اشرف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور محض 5 رنز پر ان کے دونوں اوپنرز آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ کولن منرو 2 اور لیوک رونکی 1 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے پر کپتان شاداب خان نے پہلے ڈیوڈ ملان اور پھر کولن انگرام کے ہمراہ شراکت قائم کی۔ انہوں نے ڈیوڈ ملان اور کولن انگرام کے ہمراہ بالترتیب 57 اور 29 رنز کی شراکت قائم کی۔ شاداب خان 52، کولن انگرام 30 اور ڈیوڈ ملان 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تینوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعدشاہین شاہ آفریدی کی شاندار باؤلنگ کے سامنے اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئی مڈل آرڈر بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا۔ آصف علی، 18، فہیم اشرف 11، عماد بٹ8اورحسین طلعت 5 رنزبناکر آؤٹ ہوئے تاہم اختتامی اوورز میں موسیٰ خان نے 11 گیندوں پر 17اور احمد صفی عبداللہ نے 8 گیندوں پر 8 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان آخری وکٹ کے لیے  20 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی۔ 
میچ میں آلراؤنڈ کارکردگی کی بدولت شاداب خان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں آئندہ 2 روز کا وقفہ ہے۔ 26 فروری کو ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *